• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافیوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ دینگے، دو ہفتے میں میکنزم بنایا جائیگا، مریم اورنگزیب

لاہور(نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صحافیوں کو ہیلتھ انشورنس کارڈ دیں گے اور دو ہفتے میں میکنزم بنا کر اس کو یقینی بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب کے پروگرام ʼʼ میٹ دی پریس ʼʼمیں اظہار خیال اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات سہیل علی خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ دور میں صحافت پر پابندی و قدغن لگا دی گئی تھی اور صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا تھا لیکن ہم تب بھی آپ کے ساتھ تھے، صحافیوں کا سیفٹی بل جو وزارت ہیومن رائٹس کو بھجواد یا گیا ہے جس کی بنیاد نواز شریف کے دور اقتدارمیں رکھی گئی تھی اب وہاں ہی لائف انشورنس، دہشت گردی یا حادثاتی معاملات کو شامل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی صحافیوں کی طرف سے ہسپتالوں اور دوائیوں کے لیےدرخواستیں آتی تھیں تو وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جب بھی انہیں خدمت کا موقع ملا تو اس مسئلے کو حل کریں گے۔