• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دعا ہے ملک مشکل دور سے خیریت سے نکلے،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہا ہے کہ دعا کریں پاکستان جس مشکل دور سے گزر رہا ہے اس سے خیریت سے نکلیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں منگل کو ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن راولپنڈی کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں چیف جسٹس نے راولپنڈی بنچ میں سٹاف کیلئے رہائش گاہوں،ڈسپنسری،سرونٹس کوارٹرز کا افتتاح اور پارکنگ پلازہ کا سنگ بنیاد رکھا۔ہائی کورٹ بار آمد پر صدر تنویر اقبال خان،سیکرٹری جنرل راجہ شوکت ستی اور دیگر عہدیداروں نے چیف جسٹس کا استقبال کیا۔تقریب میں راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار کے صدر فیصل نیازی،پنجاب بار کونسل کے وائس چیئر مین بشارت اللہ خان،ملک غلام مصطفی کندوال،سید ذوالفقار عباس نقوی،شیخ احسن الدین،سردار عبدالرازق خان،توفیق آصف،سعید یوسف خان،ملک صدیق اعوان سمیت وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تنویر اقبال خان نے میانوالی ضلع اور سرائے عالمگیر تحصیل کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے ساتھ منسلک کرنے کا مطالبہ پیش کیاجس پر چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے کہا کہ اس پر غور کریں گے۔انہوں نے بار ہال کیلئے ایئر کنڈیشنر لگوانے ، ٹیکسلا میں ایگزیکٹو بلاک اور راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار میں چیمبرز کی تعمیر کےلئے جگہ کی الاٹمنٹ کے مطالبے بھی منظور کر لئے ۔
اسلام آباد سے مزید