• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شفاف امتحانی نظام کیلئے کوتاہی نابرداشت ہوگی‘ چیئرمین راولپنڈی بورڈ

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیراہتمام انٹرمیڈیٹ امتحان پارٹ ون فرسٹ اینول2023 کے سلسلے میں چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام کو شفاف بنانے کیلئے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ تمام انسپکشن ٹیمیں‘ چیئرمین سکواڈ‘ سپیشل سکواڈ‘ موبائل انسپکٹرز‘ ویجی لنس کمیٹیاں فیلڈ میں موجود ہیں۔ ضلعی افسران بھی امتحانی مراکز کا دورہ کر رہے ہیں۔ امتحانی مراکز پر ڈیٹ شیٹ کے مطابق مقررہ وقت پر پرچہ تقسیم کیا جا رہا ہے اور دور دراز امتحانی مراکز میں جہاں پرچہ پانچ یا دس منٹ دیر سے شروع ہوتا ہے وہاں امیدواروں کو اضافی وقت بھی دیا جاتا ہے۔ میں بذات خود بھی دور دراز امتحانی مراکز کا دورہ کر رہا ہوں تاکہ تمام امتحانی امور کی نگرانی اور انتظامات کا جائزہ لے سکوں۔ کنٹرولر امتحانات ساجد محمود فاروقی نے بھی مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے ڈویژنل پبلک سکول شمس آباد راولپنڈی امتحانی مرکز اور پریکٹیکل لیب، گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکنڈری سکول نمبر 1مری روڈ راولپنڈی اور گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول نمبر 2مری روڈ راولپنڈی اور پریکٹیکل لیب کا دورہ کیا۔ انہوں نے امتحانی مراکز کےدورے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امتحان میں دونوں سیشن کی نگرانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ بوٹی مافیا کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے ہم سب کو ملکر بورڈ کی نیک نامی کا باعث بننا ہے۔ امتحانی مراکز پر اچھی شہرت اور اہل اساتذہ کو تعینات کیا گیا ہے۔ ان اساتذہ کی بدولت ہم صاف اور شفاف امتحانات کرانے میں کامیاب ہو رہے ہیں۔ ڈیوٹی دینے والے اساتذہ کو چاہئے کہ اپنی ڈیوٹی قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں اور امیدواران کو بہترین امتحانی سہولیات فراہم کریں۔ مرکزی کنٹرول روم اور ہر ضلع میں قائم کنٹرول روم سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس لی جا رہی ہیں۔ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کے ہر امتحانی مرکز کو سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد سے مزید