اسلام آباد( تنویرہاشمی ) سی پیک کے تحت چین اور پاکستان نے ایک سال میں گوادر میں 15سے زائد منصوبے مکمل کر لیے،آئندہ مالی سال سیلاب متاثرین کیلئے ڈونر ز کے چارارب ڈالر کی منظوری حتمی مراحل میں ہیں ، گزشتہ ایک سال میں سی پیک نے کامیابیوں کا رکا ہواسفر دوبارہ شروع کر دیا ہے، وفاقی سیکرٹری منصوبہ بندی سید ظفر علی شاہ نے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ گوادر میں بجلی اور پانی کے دیرینہ منصوبوں سمیت دیگر منصوبے تیز ی کےساتھ مکمل کیے گئے ہیں ، گوادر میں 300میگاواٹ کا کوئلے سے چلنے والاپاور پلانٹس ، گوادر کے ماہی گیروں میں دوہزار بوٹ انجن کی تقسیم ، مکران کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنےکےلیے خضدار، پنجگور ٹرانسمیشن لائن، گوادر انٹرنیشنل ائر پورٹ ، چین پاکستان ٹیکنیکل ووکیشنل انسٹیٹوٹ ،گوادر ایسٹ بے ایکسپریس پروجیکٹ ، گوادر میں پانی کی سپلائی اور ڈسٹربیوشن کی سکیمیں ، پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال ، گوادر سمارٹ پورٹ، بندرگاہ پربریک واٹر کی ڈویلپمنٹ ، گوادر سیف سٹی پروجیکٹ ، سٹی پروجیکٹ گوادر فری زون اور گوادر بندرگاہ کی تعمیر اور پینے کے صاف پانی کےلیے ڈی سیلینشن پلانٹ شامل ہے، اس منصوبوں کی تعمیر سے بلوچستان میں ترقی کا دروازہ کھلے گا، ایران سے 100میگاواٹ بجلی کی فراہمی سے گوادر میں لوگوں کو بجلی کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی ،ظفر علی شاہ نے بتایا کہ پاکستان کو سیلاب متاثرین کے لیے ڈونر ز کی جانب سے آئندہ مالی سال چارارب ڈالر کی منظوری حتمی مراحل میں ہے ، جس سے سیلاب زدہ علاقوں میں منصوبوں کو شروع کیا جائے گا،پاکستان نے سی ڈی ڈبلیو پی کےذریعے 194ارب روپے میں نیشنل فلڈ ریسپانس پلان کیلئے منظوری دے دی ہے، بلوچستان کیلئے47ارب روپے اور سندھ میں 91ارب روپے مختلف منصوبوں پر خر چ ہونگے ، انہوں نے کہاکہ آئندہ مالی سال میں بلوچستان کےلیے 132ارب روپے ترقیاتی منصوبوں کےلیے مختص کیے گئے ہیں 80ارب روپے وزیراعظم کے اقدامات کے تحت یوتھ لون سکیم ، سکالرشپ سکیم ، سپورٹس کے لیے مختص کیے گئےہیں ، رواں مالی سال 727ارب روپے کے پی ایس ڈی پی میں سے وزارت منصوبہ بندی نے 724ارب روپے جاری کر دیئے ، یعنی 100فیصد فنڈز جاری کیے ہیں ، اس میں سے اب تک 643ارب روپے وزارت خزانہ سے جاری ہو چکے ہیں اور 520 ارب روپے جاری اور نئی سکیموں پر خرچ ہو چکے ہیں جو کہ 73فیصد بنتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال پی ایس ڈی پی کےلیے 1150ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔