راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)لاہور ہائی کورٹ میں تین جولائی تا دو ستمبر تک گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کردیاگیا ۔ چھٹیوں کے دوران صرف ارجنٹ نوعیت کے مقدمات کی سماعت ہوگی۔تین ہفتوں کیلئے ججز کا روسٹربھی جاری کردیا گیا ہے۔چھٹیوں کے دوران حبس بےجا،ضمانت قبل از گرفتاری،ضمانت بعد از گرفتاری،عدالت کی طرف سے فکس مقدمات،سزا معطلی کے کیسز سنے جائیں گے۔ تین جولائی سے شروع ہونے والے پہلے ہفتہ میں لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں چار سنگل بنچ اور دو ڈویژن بنچ کام کریں گے۔ جسٹس شاہد کریم اور جسٹس محمد طارق ندیم بھی راولپنڈی بنچ میں ہوں گے۔دس جولائی سے شروع ہونے والے دوسرے ہفتے میں راولپنڈی بنچ میں تین سنگل اور ایک ڈویژن بنچ ،سترہ جولائی سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ میں جسٹس شاہد جمیل اور جسٹس چوہدری عبدالعزیز راولپنڈی بنچ میں سنگل اور ڈویژن بنچ کا کام کریں گے۔