بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور لیجنڈری ہیرو دلیپ کمار (یوسف خان مرحوم) کی بیوہ سائرہ بانو نے اتوار کو اپنے انسٹا گرام پر اپنی ایک ماضی کی بلیک اینڈ وائٹ عہد کی تصویر شیئر کی ہے۔
اس تازہ ترین پوسٹ میں اپنے عہد کی حسین اداکارہ نے ماضی کے اس وقت کو یاد کیا جب انکی کمر صرف 22 انچ ہوا کرتی تھی۔ یاد رہے کہ سائرہ بانو نے حال ہی میں فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام جوائن کیا ہے۔
بیتے دنوں کی اس تصویر میں نوجوان سائرہ بانو شلوار قیمض زیب تن کیے اپنے مخصوص اور ہلکے میک اپ میں ہمیشہ کی طرح مسکراتی نظر آرہی ہیں۔
یہ تصویر سائرہ بانو کو ماضی میں لے گئی جب وہ 1960 سے 1970 کے عشرے کے دوران اپنی جواں عمری میں ہندی فلموں پر راج کیا کرتی تھیں۔
انہوں نے تصویر کے کیپشن میں لکھا 22 کی کمر کا زمانہ بہت عرصہ ہوا گزر گیا، کاش کے وقت تھم جاتا۔
انکی اس پوسٹ پر پرستاروں اور سوشل میڈیا صارفین نے کمنٹس کیے، جن میں سے ایک کا کہنا تھا کہ خدا نے آپکو اس انداز میں تخلیق کیا کہ آپ ہر عمر میں خوبصورت لگتی ہیں۔
ایک اور پرستار نے کہا اللّٰہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ اب بھی خوبصورت ہیں، کیا ہوا اگر آپکی کمر اب 22 انچ نہیں ہے۔
یاد رہے کہ 78 سالہ سائرہ بانو اداکارہ نسیم بانو اور فلم پروڈیوسر میاں احسان الحق کی بیٹی ہیں اور انہوں نے صرف 16 برس کی عمر میں ہندی فلموں میں کام شروع کیا تھا۔
انکی پہلی فلم جنگلی تھی جس میں شمی کپور ہیرو تھے۔ جس کے بعد انہوں نے راجندر کمار کے ساتھ جھک گیا آسماں اور آئے ملن کے ساتھ بیلا، بسواجیت کے ساتھ اپریل فول، آئو پیار کریں اور جوئے مکھرجی کے ساتھ شاگرد جبکہ پیار محبت میں دیو آنند کے مد مقابل کام کیا۔