خیبر(ایجنسیاں)خیبرکے باڑہ بازار میں تحصیل کمپاؤنڈکے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید اوردوخودکش حملہ آورہلاک ہوگئے ‘حملہ آوروں کے خون اور جسمانی اعضاء کے نمونے حاصل کر کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے بھیجے گئے ہیں‘پولیس کے مطابق خیبر کے باڑہ بازار میں تھانے کے مرکزی گیٹ کے قریب دھماکا ہوا جس کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ کی گئی۔دہشت گردوں نے باڑا تھانے ، سی ٹی ڈی سیل اور سرکاری دفاتر پر مشتمل تحصیل کمپاؤنڈ میں گھسنے کی کوشش کی مگر ناکام رہے، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا۔رپورٹ کے مطابق باڑہ مارکیٹ میں دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے۔