• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کیخلاف آپریشن

اراولپنڈی، مری  ( اپنے رپورٹرسے، نمائندہ جنگ )لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز کے فیصلے کی روشنی میں مری انتظامیہ نے ملکہ کوہسار مری میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ۔ آپریشن ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مری کیپٹن)(ر) قاسم اعجاز کی سربراہی میں اپر جھیکا گلی روڈʼ اور کلڈنہ میں کیا جا رہا ہے۔ پولیس اور ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔اے ڈی سی آر نے کہا ہےکہ بغیر کسی دباؤ کے تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔مری سے نمائندہ جنگ کے مطابق  آپریشن کے دوران  اپر جھیکا گلی روڈ اور ویو فورتھ روڈ پر بعض عمارتوں کے کچھ حصے گرا دئیے گئے۔اے ڈی سی آر مری کا کہنا تھا کہ 400 کے قریب ایسی عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں جن کے نقشے منظور نہیں ہوئے۔ ان کے مالکان کو بار بار نوٹس بھیجے گئے ،مقدمات قائم کئے گئے  لیکن ان لوگوں نے غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری رکھا ۔اب ہمیں ہائیکورٹ کی طرف سے حکم ملا ہے کے ایسی تعمیرات اور غیر قانونی تجاوزات کیخلا ف آپریشن کرکے انکو ختم کیا جائے۔ دوسری طرف متاثرین نے آپریشن شروع ہوتے ہی جھیکا گلی بازار میں رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک جام کر دی اور  آپریشن کیخلاف شدید احتجاج کیا جس کے باعث کلڈنہ جھیکا گلی روڈ۔جھیکا گلی مال روڈ،جھیکا گلی سے ایکسپریس وے روڈ،آرکے ایم روڈ مکمل بلاک ہوگیا اور تمام اطراف میں گاڑیوں کی طویل لائنیں لگ  گئیں ۔ن لیگ کے صدر راجہ دفتر عباسی،سابق ناظم گھوڑا گلی حاجی خلیل خان،صدر مرکزی انجمن تاجران مری راجہ طفیل اخلاق سمیت سیاسی اور سماجی شخصیات نے کہا کہ چند دنوں یامہینوں میں یہ عمارتیں تعمیرنہیں ہوئیں ۔ جب یہ بلڈنگیں تعمیرہو رہی تھی تو اس وقت انتظامیہ اورذمہ داران کہاں  تھے ۔
اسلام آباد سے مزید