• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈرائیونگ لائسنس کیلئے سرٹیفائیڈ ڈاکٹر یا لیب کا میڈیکل قابل قبول ہوگا

راولپنڈی ( وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر) ڈرائیونگ لائسنس کے لئے کسی بھی سرٹیفائیڈ ڈاکٹر یا لیب سے جاری کردہ میڈیکل قابل قبول ہوگا۔چیف آف ٹریفک پولیس پنجاب نے مراسلہ جاری کردیا۔ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس ہیڈ کوارٹرزلاہور کو مختلف اضلاع سے شکایات موصول ہوئی تھیں کہ ڈرائیونگ لائسنس کے لئے بعض ٹیسٹنگ سنٹرزکاعملہ امیدواروں کومجبورکرتاہے کہ وہ مخصوص ڈاکٹرزسے میڈیکل کروائیں جب کہ قانون میں ایسی کوئی پابندی نہیں۔اس حوالے سے امیدواروں کومیڈیکل بنوانے کےلئے بلیک میل کئے جانے کی اطلاعات پر ایکشن لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی ٹریفک نے مخصوص ڈاکٹروں سے میڈیکل رپورٹ بنوانے کی ڈیمانڈکرنےوالے وارڈنزکےخلاف سخت ایکشن لینے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ اس حوالے سے سی ٹی اوزکو بھجوائے گئے مراسلے میں کہاگیاہے کہ قانون میں ایسی کوئی شق نہیں کہ مخصوص ڈاکٹرزیالیب سے میڈیکل کرایاجائے، اس ضمن میں کسی بھی سرٹیفائیڈ ڈاکٹر یا لیب سے جاری کردہ میڈیکل قابل قبول ہے۔ مخصوص ڈاکٹریالیب کامیڈیکل ڈیمانڈ کرنے والے وارڈنزکے خلاف کارروائی کرکے آگاہ کیاجائے ۔ذرئع کے مطابق بعض اضلاع میں ٹیسٹنگ سنٹرزکا عملہ مخصوص ڈاکٹرزسے میڈیکل بنوانے پر ان سے اپنا کمیشن وصول کرتاتھا جس پر ایڈیشنل آئی جی کومراسلہ جاری کرنا پڑا۔
اسلام آباد سے مزید