ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ صوفیاء کرام کی تعلیمات دور حاضر میں بھی اتنی اہم ہیں جتنی سیکڑوں برس پہلے تھیں، وہ ملتان آرٹس کونسل اور ʼʼویسکو پی کےʼʼ کے زیر اہتمام تصوف اور خطاطی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کیلئے پلیٹ فارم ملنا بہت ضروری اور ملتان آرٹس کونسل کی یہ کاوش قابلِ ستائش ہے نوجوانوں کو مواقع ملتے رہنے سے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل ڈاکٹر ریاض ہمدانی کا کہنا تھا کہ صوفیاء کرام نہ صرف ملتان بلکہ خطے کی پہچان ہیں۔ افتتاح کے بعد کمشنر نے ملتان آرٹس کونسل کی عمارت کی صورتحال بہتر کرنے کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض ہمدانی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں اور حکام کو فوری بلا کر آرٹس کونسل انتظامیہ سے تعاون کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے آرٹ گیلری اور عمارت کے دیگر حصوں کی تزئین و آرائش کیلئے مکمل تخمینہ لگانے کی بھی ہدایت کی اور اس مقصد کے لئے فنڈز فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی۔