راولپنڈی( جنگ نیوز ) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ و بہبود آبادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ صحافیوں کی فلاح کیلئے ہمیشہ کردار ادا کیا ہے۔ راولپنڈی پریس کلب میں ڈسپینسری قائم کر دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا ٹاؤن راولپنڈی کے دفتر میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے راولپنڈی شہر کو خصوصی اہمیت دی۔ راولپنڈی میں اربوں روپے کے منصوبے شروع کر دئیے گئے ہیں۔ راولپنڈی میں پہلی بار برن ہسپتال بنایاجا رہاہے ۔پنجاب کی جیلوں میں پہلی بار 53ہزار قیدیوں کی مفت میڈیکل سکریننگ کی گئی۔ نالہ لئی ایکسپریس کی تعمیر کے لئے بھی وزیر اعلی پنجاب سے بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ٹاؤن میں ہر ماہ میڈیکل کیمپ لگایا جائے گا جس میں متعلقہ بیماریوں کے تمام ڈاکٹرز اور نرسز موجود ہوں گے ۔ انہوں نے میڈیا ٹاؤن ڈسپنسری کا دورہ بھی کیا اور طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔