اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے پیر کو پشاور کا دورہ کیا اور یو ایس ایڈ کی معاونت سے پایہ تکمیل تک پہنچنے والے میونسپل خدمات برائے خیبر پختونخوا پروگرام کی اختتامی تقریب میں شرکت کی، ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ شہری خدمات کےاس منصوبے سے 19 لاکھ افرادکی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں،امریکی سفارتخانہ سے جاری بیان کے مطابق چار کروڑ چھیالیس لاکھ ڈالر سے بارہ سال میں مکمل ہونیوالےمنصوبہ سےخیبر پختونخوا کے لاکھوں شہریوں کو پینے کے صاف پانی، نکاسی آب اور صفائی تک محفوظ، قابل اعتماد اور بہتر رسائی میسر ہوئی ہے ،پینے کے صاف پانی کی ایک سو چالیس سہولیات کی بحالی سے چار لاکھ اڑتالیس ہزار لوگ مستفید ہورہے ہیں، 21 یونین کونسلوں میں پانی کی 25ہزار 7سو پرانی اور زنگ آلود لائنوں کی تبدیلی سے بھی صاف پانی کی قابل اعتماد ترسیل یقینی بنائی جا چکی ہے، نکاسی آب کی لائنوں سے سترہ لاکھ افراد کیلئے صفائی کی سہولتوں میں بہتری آئی ہے کچرا جمع کرنے اور ٹھکانے لگانے کا نظام بھی بہتر ہوا ہے۔