کراچی (جنگ نیوز) بھارتی کرکٹ بورڈ ایک بار پھر بحران کے شکار سری لنکا کی مدد کو آگیا، حکومتی مداخلت پر آئی سی سی کی جانب سے پابندی کے باوجود بھارت نے آئندہ سال مختصر وائٹ بال سیریز کیلئے سری لنکا کے دورہ پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ آئندہ سال جولائی سے اگست کے دوران بھارتی ٹیم سری لنکا میں تین ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کھیلے گی ۔ یاد رہے کہ آئی سی سی نے حکومتی مداخلت پر ایس ایل سی پر پابندی عائد کر رکھی ہے جس کے باعث انڈر 19ورلڈ کپ بھی جنوبی افریقا منتقل کر دیا ہےتاہم مرد اور خواتین قومی ٹیموں کو اپنے شیڈول میچوں کی اجازت ہو گی۔ ایس ایل سی کیلنڈر کے مطابق بھارتی ٹیم مینز قومی ٹیم کو2024میں52بین الاقوامی میچ کھیلنے ہیں، جن میں10ٹیسٹ، 21ون ڈے اور21ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں۔ اسکے علاوہ انگلینڈ میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز جو موجودہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے جبکہ دوسری نومبر میں جنوبی افریقا کیخلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز ہوگی۔