اسلام آباد (قاسم عباسی) ہر 10؍ میں سے تقریباً 8؍ پاکستانی اسرائیل کی حامی کمپنیوں کی مصنوعات کے بائیکاٹ کے حق میں ہیں۔ اس بات کا انکشاف پلس کنسلٹنٹ کے رائے عامہ جائزے میں کیا گیا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اسرائیل کی حامی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کے حق میں خواتین کا تناسب کہیں زیادہ ہے جو گھریلو مصنوعات کی خریداری کے حو الے سے فیصلہ ساز ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ بالائی اور بالائی متوسط طبقات بھی ایسی مصنوعات کے بائیکاٹ کے حق میں سرفہرست ہیں۔ متوسط اور نچلے متوسط طبقات کے مقابلے میں بھی ان کا تناسب حیران کن طور پر زیادہ ہے۔ جن چیزوں کا سب سے زیادہ بائیکاٹ کیا جارہا ہے ان میں مشروبات اور فاسٹ فوڈ چینس، چیپس، اسنیک برانڈ، صابن اور ٹوتھ پیسٹ وغیرہ شامل ہیں۔ سماجی تحقیق سے متعلق مارکیٹنگ کمپنی پلس کنسلٹنٹ نے اپنے سروے میں 1224؍ نمونے شامل کئے۔ 12؍ بڑے شہروں میں سروے کیا گیا جہاں 16؍ سے 65؍ برس عمر تک کے افراد کی رائے معلوم کی گئی 83؍ فیصد افراد نے اسرائیل کی حامی مصنوعات کے بائیکاٹ سے اتفاق اور 17؍ فیصد نے مخالفت کی۔ مردوں کے مقابلے میں خاتون صارفین ایسی مصنوعات کے حق میں زیادہ نظر آئیں۔