• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان کا امید افزا آغاز، ہالینڈ سے میچ ڈرا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ملائیشیا میں جاری جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان نے امید افزا آغاز کرتے ہوئےاپنے پہلے میچ میں مضبوط حریف نیدر لینڈ کے خلاف برابری سے اپنی مہم شروع کی، بدھ کو کھیلا گیا میچ تین تین گول سے برابر رہا، دونوں ٹیموں نے اوپن کھیل پیش کیا۔نیدر لینڈ کو 21 ویں منٹ میں بورس ارڈن برگ نےبرتری دلائی جسے30 ویں منٹ میں کاسپر وین وان ڈر نے فیلڈ گول بناکر ڈبل کردیا۔ پاکستان کو پہلے ہاف کے اختتام تک دو گول کے خسارے کا سامنا رہا۔ پاکستان نے تیسرے کوارٹر میں کم بیک کرتے ہوئے مڈ فیلڈر ارشد لیاقت کے فیلڈ گول سے خسارہ کم کیا، تیسرے کوارٹر کے 36 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر سفیان خان نے گول پوسٹ کی راہ دکھائی۔ ہالینڈ نے کھیل کے 47ویں منٹ میں اولیور ہارٹ ٹنس کے گول سے ایک بار پھر سبقت حاصل کرلی، جو کھیل کے55ویں منٹ میں ارباز احمد نے پنالٹی کار نر پر گول کر کے برابر کردی۔ پاکستان اپنا دوسرا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف 7 دسمبر کو کھیلے گا، بدھ کو دیگر میچوں میں بیلجیم نے نیوزی لینڈ، فرانس نے جرمنی ، جنوبی افریقا نے مصر ، آسٹریلیا نے چلی اور ارجنٹائن نے میزبان ملائیشیا کوشکست سے دوچار کیا۔