اسلام آباد(جنگ رپورٹر)اسلام آباد ہائی کورٹ نے طارق منصور بگٹی کو ایڈہاک بنیادوں پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نیا صدر مقرر کرنے پر وزیر اعظم سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے تک جواب طلب کر لیا ، وزیراعظم کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے پیٹرن انچیف کے طور پر نوٹس جاری کیا گیا ۔ بریگیڈیئر( ر) خالد سجاد کھوکھر نے اپنی جگہ بگٹی کو ہاکی فیڈریشن کا ایڈہاک بنیاد پر صدر بنانے کا نوٹیفکیشن چیلنج کیاتھا،گزشتہ روز چیف جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بنچ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کے عہدے سے ہٹائے گئے بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد خالد سجاد کھوکھر کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کیا ہے ، پٹیشنر نے اپنی جگہ طارق منصور بگٹی کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ایڈہاک بنیاد پر صدر بنانے کا نوٹی فکیشن چیلنج کیا تھا ۔ پٹیشنر کے وکیل کے مطابق وزیراعظم نے 21 دسمبر 2023 کو طارق بگٹی کو ہاکی فیڈریشن کا ایڈہاک بنیاد پر صدر مقرر کیا جبکہ پٹیشنر 18 اگست 2022 کو چار سال کی مدت کے لیے ہاکی فیڈریشن کے صدر منتخب ہوئے تھے اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کی چار سالہ مدت مکمل ہونے پر آئندہ الیکشن 2026 میں ہونے ہیں۔