لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت سراج الحق نے کہا کہ پاکستان قدرتی اور انسانی وسائل سے مالامال ملک ہے۔ روایتی سیاسی جماعتوں کے پاس ملک کے مسائل کا حل نہیں ہے۔ انہو ں نے کہا اووسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنا انتہائی افسوسناک ہے،جماعت اسلامی نہ صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کا مطالبہ کرتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی نے قطر کے دارلحکومت دوحہ میں ایران، قطر، ترکی، لبنان، افغانستان کے وفود اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں کرتے کیں اور اتحاد العالمی ا لعلماء المسلمین کے فلسطین کے موضوع پر ہونے والے اجلاس میں شرکت کی۔پاکستانی کمیونٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی غیر دستوری اقدام کو قبول نہیں کرے گی۔ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے ملک کو سیاسی اور معاشی بحران سے دوچار کیا ہے، ان جماعتوں کی قیادت عوام کے دکھ درد کا احساس کرنے سے عاری ہیں۔ جماعت اسلامی کسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی اور خالصتاً اپنے پروگرام کی بنیاد پر عوام کے سامنے جائے گی۔ سراج الحق نے دوحہ میں ترکی کی سعادت پارٹی کے پارلیمنٹرین حسن ہتمز کی وفات پر ان کے دیرینہ ساتھی یلماز کے ساتھ تعزیت کا اظہار بھی کیا۔