راولپنڈی ( خصوصی نمائندہ ،اپنے رپورٹر سے)نگران صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ و بہبود آبادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ مری میں سیاحوں اور مقامی شہریوں کے لئے سہولت مراکز میں فری میڈیکل یونٹ قائم کئے گئے ہیں۔ فری میڈیکل یونٹ میں ابتدائی طبی امداداور مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ فری میڈیکل یونٹ جھیکا گلی، لوئر ٹوپہ اور کالی مٹی سہولت مراکز میں قائم کئے گئے ہیں۔ فری میڈیکل یونٹ میں مفت میڈیکل چیک اپ اور مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔دریں اثناء ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ نمونیا کے مریضوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔ نمونیا کی جعلی دواؤں کی روک تھام کے لئے سیمپل اکٹھے کرنا بھی شروع کر دئیے گئے ہیں۔ والدین بچوں کو نمونیہ سے بچانے کے لئے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو نمونیا سے بچانے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے۔ انہیں گرم کپڑے پہنائیں اور سردی میں باہر نہ نکلنے دیں۔سانس لینے میں دشواری، کھانسی،نزلہ اور بخار نمونیا کی علامات ہیں۔