• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان، کیچ میں فائرنگ کا تبادلہ، 3 دہشت گرد ہلاک، فورسز کے 5 جوان شہید

اسلام آباد (نمائندہ جنگ )بلوچستان کے ضلع کیچ میں فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3دہشتگرد ہلاک اور 5جوان شہید ہو گئے۔

ضلع کیچ کے عام علاقے بلیدہ میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے فورسز کی گاڑی پر دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد سے حملہ کیا، جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پاک فوج کے جوانوں نے فوری طور پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے تاہم آپریشن کے دوران 5 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

شہداء میں سپاہی ٹیپو رزاق ،عمر 23 سال، رہائشی ضلع ساہیوال، سپاہی سنی شوکت ،عمر 24 سال، رہائشی ڈسٹرکٹ کراچی، سپاہی شفیع اللہ ،عمر 23 سال، رہائشی ضلع لسبیلہ، لانس نائیک طارق علی ،عمر: 23 سال، رہائشی ڈسٹرکٹ کراچی اور سپاہی محمد طارق خان ،عمر 25 سال، ضلع میانوالی کا رہائشی شامل ہیں۔

ادھر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں فائرنگ کے تبادلے میں 5جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشتگرد کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونگے۔

اہم خبریں سے مزید