• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹرا پارٹی الیکشن، نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے خلاف بھی کارروائی کی جائے، حافظ نعیم

کراچی( اسٹاف ر پو ر ٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمنٰ نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے جس طرح انٹرا پارٹی الیکشن کی بنیاد پر پی ٹی آئی کے خلاف فیصلہ دیا ہے اسی طرح نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے خلاف بھی کارروائی کریں تو عوام کو یقین آئے گا کہ عام انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ موجود ہے، ایک سیاسی کارکن اور پاکستانی شہری کی حیثیت سے ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ایک بڑی پارٹی کو ٹیکنیکل بنیادوں پر عام انتخابات سے نا اہل قرار دے کر باہر کرنا جمہوریت کو فروغ دینے کے بجائے پامال کرنا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، حافظ نعیم الرحمن نے بتایا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے خلاف بھی فوری کارروائی کرنے کے لیے ہم نے چیف الیکشن کمشنر کو خط بھی ارسال کر دیا ہے،حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی گیس کے بحران، کراچی کی صنعتوں اور گھریلوں صارفین کو گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ہونے والی مشکلات و پریشانیوں کے خلاف عوام اور تاجروں و صنعتکاروں کی ترجمانی کرتے ہوئے جمعرات 18جنوری کو سوئی سدرن گیس کمپنی کے ہیڈ آفس پر دھرنا دیا جائے گا،حافظ نعیم الرحمن نے کراچی بورڈ کی جانب سے انٹر سال اوّل کے حالیہ نتائج پر بھی اپنے شدید ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ صرف اسکروٹنی سے حل نہیں ہو گا،نگراں وزیر اعلیٰ کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے، انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم کو بھی بھر پور طریقے سے چلائیں گے،20اور 21جنوری کو ایکسپو سینٹر میں ”میرا برانڈ پاکستان“ کے عنوان سے ایک بڑی نمائش کی جائے گی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید