کراچی(جمشیدبخاری) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام بے روزگاری ، کرپشن اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے ترازو کو ووٹ دیں، پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن کا منشور قوم کو دھوکہ دینے کے سواکچھ نہیں ہے۔نوازدو سےلیکر تین سویونٹ بجلی مفت دینے کی باتیں کرنےوالے قوم کو بتائیں نصف صدی حکمرانی میں کیا کیا؟ان ادارہ نورحق میں جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پی پی اور ن لیگ دونوں نے عملی طور مہنگائی کے بم گرانے اورعوام کا خون نچوڑنے میں کوئی کسرباقی نہیں چھوڑی ہے۔عوام الیکشن کے روز کو میدان میں نکل کرترازوپرمہرلگائیں ان شاءاللہ8فروری تبدیلی کا دن ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پر بھروسہ کرکے انتخاب میں جارہے ہیں کسی جماعت سے اتحاد نہیں کریں گے، اتحادوں کی سیاست بہت کرلی ایم ایم اے اور اسلامی جمہوری اتحاد کاحصہ رہے تاہم اقتدار میں آکر یہ جماعتیں اپنا منشور، وعدے اور اعلانات بھول جاتے ہیں دس ڈرائیور مل کر گاڑی کو منزل تک نہیں پہنچاسکتے ایک ڈرائیورگاڑی کو منزل پر پہنچائے گا، انہوں نے کہاکہ ہم ان لوگوں سے لوٹا پیسہ ملک میں واپس لائیں گے جنہوں نے ملک اور عوام کا پیسہ لوٹا نیب اور ایف بی آر کے قوانین میں ترمیم کریں گے ملک میں احتساب کا قانون توموجود ہے مگر اس پر عمل نہیں ہوتا اگر عوام کو ملک میں بے روزگاری ، کرپشن ، مہنگائی کاخاتمہ کرنا ہے تو وہ 8 فروری کو ترازو پر مہرلگائیں جو انصاف کا نشان ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہم اگر اقتدار میں آئے تو تما م سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ سے بات کریں گے عوام کو ایک قوم بنائیں گے اور ملک کو ترقی کی راہ پرڈالنے کے لیے تمام سیاسی اکائیوں سے بات کریں گے۔