راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) عام انتخابات میں راولپنڈی ریجن کی 4جیلوں کے 189اسیروں نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا،ان میں دوقیدی خواتین بھی شامل ہیں ، ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی کے 19 قیدیوں نے پوسٹل بیلٹ پیپرکے ذریعے اپنے ووٹ کاسٹ کئے ،جبکہ ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین کے 104، ڈسٹرکٹ جیل گجرات سے54 مرد اور 2خواتین قیدیوں اور سب جیل چکوال سے 10 قیدیوں نے ڈاک کے ذریعے ووٹ ڈالے جبکہ ریجن کی دوجیلوں ڈسٹرکٹ جیل اٹک اور جہلم کا کوئی اسیر ووٹ کاسٹ نہ کرسکا۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی ریجن کی 6جیلوں میں پابندسلاسل 424 اسیروں نےپوسٹل بیلٹ پیپر فراہم کرنے کے لئے درخواستیں دی تھیں ان میں سنٹرل جیل راولپنڈی کے 152 ،ڈسٹرکٹ جیل اٹک کے 24،ڈسٹرکٹ جیل گجرات کے 3خواتین قیدیوں سمیت 60 ، ڈسٹرکٹ جیل جہلم کے 36، ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین کے 142اور سب جیل چکوال کے 10اسیران شامل تھے ۔جیل ذرائع کا کہنا ہےکہ قواعد کے مطابق سربمہر لفافوں میں پوسٹل بیلٹ متعلقہ ریٹرننگ افسروں کو بھجوائے گئے۔