• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم کی کشتی کو بھنور سے نکالنے کیلئے نواز شریف کی مدبرانہ پیشکش

اسلام آباد ( جنگ نیوز) وفاقی دارالحکومت کے تجارتی‘ صنعتی‘ سیاسی اور سماجی شخصیات نے 8فروری کے قومی و صوبائی عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کو اسکے قائد میاں محمد نواز شریف‘ مرکزی صدر میاں شہباز شریف‘ چیف آرگنائزر مریم نواز‘ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور اُنکے رفقاء کے سیاسی تدبر اور حکمت عملی‘ ملنساری اور سیاسی تدبر کی آئینہ دار قرار دیا ہے۔ ان حلقوں نے 9فروری کی شام ماڈل ٹاؤن لاہور کے مرکزی سیکرٹریٹ مسلم لیگ (ن) میں جمع ہونے والے عوام کے جم غفیر سے قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کے خطاب کو انتہائی متوازن معاملہ فہمی‘ سیاسی تدبر‘ دور اندیشی اور تمام شعبہ زندگی کے ساتھ مفاہمت حتیٰ کہ الیکشن میں مقابلہ کرنے والی دوسری سیاسی جماعتوں کی قیادت کی طرف تعاون کا ہاتھ بڑھانے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ایوان ہائے تجارت و صنعت کے کل پاکستان وفاق (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عا طف اکرام شیخ‘ پاکستان وناسپتی گھی ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ عبدالرزاق‘ پاکستان بیت المال کے سابق چیئرمین بیرسٹر عابد وحید‘ انڈسٹریل ایریا ایسوسی ایشن کے سربراہ میاں اکرم فرید‘ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری جنرل شیخ طارق صادق‘ پاکستان سٹیل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما خالد جاوید‘ ایوان تجارت و صنعت اسلام آباد کے صدر احسن بختاوری‘ دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین زاہد بختاوری‘ شعبہ تعلیم کے ماہر پروفیسر ڈاکٹر ابرار‘ اسلام آباد کے تعلیمی انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین راحت قدوسی‘ سابق میئر راولپنڈی سردار نسیم احمد خان‘ سابق ایم پی اے ضیاء اللہ شاہ‘ مسلم لیگی رہنما شیخ عامر وحید‘ فیڈریشن آف چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی پولیس اینڈ ایڈمنسٹریشن کمیٹی کے چیئرمین یحییٰ طارق شیخ نے اپنے الگ الگ بیانات میں ماڈل ٹاؤن سنٹرل سیکرٹریٹ مسلم لیگ میں جمع ہونے والے ایک بڑے اجتماع میں میاں محمد نواز شریف کے خطاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں اور آزاد ارکان کو وطن عزیز کے استحکام کیلئے اس پیشکش کو قبول کرتے ہوئے اکٹھے مل کر عوام کی امنگوں پر پورا اترنا ہو گی۔ انہوں نے قوم کی کشتی کو بھنور سے نکالنے کیلئے جو مدبرانہ پیشکش کی ہے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف صدر پاکستان مسلم لیگ نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے ذریعے پاکستان کو مہنگائی‘ افراط زر‘ لاقانونیت‘ دہشت گردی کی وباء سے محفوظ رکھنے کیلئے جوملاقاتیں شروع کی ہیں وہ کامیاب رہیں گی اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اکٹھے مل بیٹھ کر ملک کے اندر آئندہ پانچ سال میں ملکی معیشت کو مستحکم بنائیں گی۔ افراط زر کو کنٹرول کرنے میں تعاون کریں گی کیونکہ اسی سے قوم ترقی کریگی۔
اسلام آباد سے مزید