لاہور،سرگودھا (خصوصی نمائندہ،کرائم رپورٹر، نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اب طلبہ کولیپ ٹاپ کیساتھ آئی پیڈ بھی دینگے،مہنگائی روکنے کیلئے مجسٹریٹس کو ٹریننگ دی جائے راشن تقسیم کی کڑی نگرانی کی جائے ، سرگودھا دورے کے دوران مظلوم خاندان کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا ماں ہوں آپ کا دکھ سمجھتی ہوں،صوبائی کابینہ کے پہلے اجلاس میں ʼʼرمضان نگہبانʼʼ ریلیف پیکیج2024 ، ضلعی سطح پر سستے رمضان بازار لگانے،سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ ،سٹینڈ نگ کمیٹی برائے قانونی امور اور سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلی نے اشیا خورونوش کی کوالٹی کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ٹاسک دیدیا،اربن یونٹ اور سپیشل برانچ کی ٹیموں کو فیلڈ سروے کر کے رمضان نگہبان ہیمپرز کی ترسیل پر رپورٹ پیش کرنے اور وزرا کو رمضان نگہبان پیکیج کی تقسیم کی کڑی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی اور کہا رمضان المبارک میں گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں پر نظر رکھی جائے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو باقاعدہ تربیت دی جائے ،ایک اجلاس میں ہائر ایجوکیشن سکالر شپ اور آئی پیڈ سکیم کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پیف کی نا مکمل بریفنگ پر نا پسندیدگی کا اظہار کیا اور پیف سکالر شپ کا جامع پلان طلب کر لیا آئی پیڈ اور لیپ ٹاپ سکیم کے لئے سٹوڈنٹ سروے کرانے کا حکم دیا ۔