• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی ایم ایف نے دوسرے جائزے کی تکمیل اور 1.1؍ ارب ڈالرز کی آخری قسط کے اجراء کیلئے کوئی تاریخ مقرر نہیں کی

اسلام آباد (مہتاب حیدر) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) پروگرام کے تحت دوسرے جائزے کی تکمیل اور 1.1؍ ارب ڈالرز کی تیسری قسط کے اجراء پر غور کیلئے تاحال کوئی تاریخ مقرر نہیں کی۔ ایگزیکٹو بورڈ ممکنہ طور پر 15سے 20 اپریل 2024تک امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ہونے والی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس کے بعد ایس بی اے کی دوسری نظرثانی اور آخری قسط کے اجراء کیلئے پاکستان کی درخواست پر غور کرے گا۔ آئی ایم ایف کے واشنگٹن میں موجود عہدیدار سے جب رابطہ کرکے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے مختصراً کہا، ’’ہم نے تاحال کوئی تاریخ مقرر نہیں کی، جب کرینگے تو بتائیں گے۔‘‘ اس نمائندے نے ایک اور اعلیٰ عہدیدار سے رابطہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کیلئے ایس بی اے پروگرام کی میعاد ختم ہونے تک اسٹاف لیول پر معاہدہ کرنا لازمی ہے جو 12اپریل 2024کو ہونا ہے۔ اب یہ بات طے ہوگئی ہے اور یہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی سہولت پر منحصر ہے کہ وہ اپریل 2024کے آخر تک آخری قسط کی منظوری پر غور کرے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جائزہ مذاکرات کے بعد 20مارچ 2024کو اسٹاف لیول معاہدہ ہوا تھا۔ اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں کا مسودہ پہلے ہی پاکستانی حکام کے ساتھ شیئر کیا جا چکا ہے۔ اب پاکستانی حکام لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئی) کو حتمی شکل دینے پر غور کر رہے ہیں جس پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور گورنر اسٹیٹ بینک دستخط کریں گے۔
اہم خبریں سے مزید