اسلام آباد (ایجنسیاں، نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق سمیت 8 ججز کو دھمکی آمیز مشکوک خطوط موصول ہوا ہے، عدالتی عملے نے خطوط کھولے تو پاؤڈر اور ڈرانے والا نشان بھی موجود تھا، خط کھولنے کے بعد آنکھوں میں جلن شروع ہو گئی، عدالتی اہلکار، خط کے متن پر لفظ Anthrax لکھا تھا، خط ریشم نامی خاتون نے بغیر ایڈریس ارسال کئے، پولیس ماہرین کی ٹیم ہائیکورٹ پہنچ گئی، مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی،آئی جی اور ڈی آئی جی عدالت طلب کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے 8 ججز کو دھمکی آمیز مشکوک خطوط موصول ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک جج کے اسٹاف نے خط کھولا تو اسکے اندر پاؤڈر موجود تھا۔ اسلام آباد پولیس کے ایکسپرٹس کی ٹیم اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئی جبکہ ماہرین کی ٹیم تحقیقات میں مشغول ہے کہ پاؤڈر کیا ہے؟ عدالتی ذرائع نے کہا کہ خط کے اندر ڈرانے دھمکانے والا نشان بھی موجود ہے، ریشم نامی خاتون نے بغیر اپنا ایڈریس لکھے ججزکوخطوط بھیجے۔ عدالتی ذرائع نے بتایاکہ اسٹاف نے خط کھولا تو اس کے اندر سفوف تھا اور خط کھولنے کے بعد آنکھوں میں جلن شروع ہو گئی۔ عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ اہلکار نے فوری طور پر سینیٹائزر استعمال کیا اور منہ ہاتھ دھویا، خط میں موجود متن پر لفظ anthrax لکھا تھا۔