اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)گلگت بلتستان کے قوم پرست رہنما عبد الحمید خان نے اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ڈپٹی سپیکر نگلگت بلتستان اسمبلی سعدیہ دانش،امجد ایڈووکیٹ جمیل احمد اور دیگر کے ہمراہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عبد الحمید مرکزی سیاست میں کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔پارٹی قیادت کی طرف سے ان کو خوش آمدید کہتا ہوں، ان کی شمولیت سے پیپلز پارٹی کو گلگت بلتستان میں تقویت ملے گی۔ عبد الحمید خان نے کہا کہ ہم نے گلگت بلتستان کے حقوق کے حصول کے لئے پی پی پی میں شمولیت اختیار کی ،ہم پاکستان کے لئے زیادہ قربانی دینے کو تیار ہیں ۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ مظلوموں کی آواز بنی ہے۔پی پی پی کی قیادت بلوچستان اور گلگت بلتستان کے مسائل حل کرے گی۔