راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) باخبر ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں اربوں روپے کی سرکاری وصولیاں زیر التوا ہیں۔صرف پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے1191اعشاریہ427ملین روپے وصول ہونے ہیں۔ انتقالات کی فیسوں کی وصولی ہدف سے59فیصد کم ہوئی۔سٹیمپ ڈیوٹی فیس ہدف سے57فیصد کم وصول کی گئی۔ذرائع کے مطابق ضلع راولپنڈی اور ضلع مری میں ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے وصولیاں ہونی ہیں۔راولپنڈی میں1178اعشاریہ 61ملین روپے جبکہ ضلع مری میں12اعشاریہ 817 ملین روپے واجب الادا ہیں۔ادھر سینئر ممبر بورڈ اف ریونیو نبیل جاوید نے کمشنر آفس میں اجلاس کے دوران ہدایت کی کہ دیہی اراضی سنٹر کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ ماڈل اراضی سنٹرزکا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔