اسلام آباد (نیوز رپورٹر) ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ آیت اللہ ابراہیم رئیسی کی شہادت نے انقلاب اسلامی میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ شہید ابراہیم رئیسی کو مجاہد اور جرات مند لیڈر کے طور پر جانا گیا۔ شہید ابراہیم رئیسی مظلوموں کی توانا آواز تھے۔ شہید ابراہیم رئیسی نے استعمار کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا۔ ابراہیم رئیسی کی شہادت پر ایران اور عالم اسلام نے ایک بہت بڑا سرمایہ کھویا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملی یکجہتی کونسل کے زیراہتمام ایران کے صدر شہید ابراہیم رئیسی و رفقاء کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سربراہ ملی یکجہتی کونسل ابوالخیر محمد زبیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے پر ایران کیساتھ پوری پاکستانی قوم بھی غمگین ہے۔ سعودیہ اور ایران کو یکجا کرنے میں بھی بڑا کردار رئیسی تھا ایسا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے صدارتی خطاب میں کہا کہ ہیلی کاپٹر سانحہ پر جتنا بھی دکھ کا اظہار کیا جائے وہ کم ہے۔ اس حادثے سے انقلاب اسلامی مزید مضبوط سے مضبوط ہوتا جارہا ہے۔ فلسطین کے مسئلے میں جس طرح انقلاب مدد اور بھرپور تعاون کررہا ہے ایسی کوئی اور مثال نہیں۔ پاکستان میں ہم اتحاد کے بانیان میں سے ہیں اور تمام مسالک کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں یہ ثمرات بھی انقلاب اسلامی کے ہیں۔ قبل ازیں تعزیتی ریفرنس سے خطاب میں علامہ عارف حسین واحدی، لیاقت بلوچ، علامہ شبیر حسن میثمی، مفتی گلزار احمد نعیمی، ناصر شیرازی، عبداللہ حمید گل و دیگر علمائے کرام نے کہا کہ شہید ابراہیم رئیسی کی شہادت عالم اسلام کا نقصان ہے۔