راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر) راولپنڈی کےتھانوں کی گاڑیاں سرکاری ایندھن سے محروم ،ملازمین اپنی مدد آپ کے تحت پٹرول ڈلواکر گشت کرنے پر مجبور کردئیے گئے ،ذرائع کاکہناہے کہ سات آٹھ ماہ سے پولیس کی گاڑیوں کو سرکاری ایندھن کی فراہمی بند ہے ،پٹرولنگ ڈیوٹی کرنے والے پولیس افسر وں کو کہاجاتاہے کہ وہ خود ایندھن کابندوبست کریں ،اس حوالے سے مختلف پولیس ملازمین نے جنگ سے گفتگوکرتے ہوئےاپنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کی کہ کئی ماہ سے انہیں ایندھن فراہم نہیں کیاجارہا ہے۔ادھر سپیشل برانچ کے ملازمین کے کو بھی جزوی طورپر ایندھن فراہم کیاجارہا ہے ،بعض ملازمین نے بتایاکہ موٹرسائیکل اور گاڑیوں کے لئے ایک ماہ میں کبھی سات اور کبھی آٹھ لٹر کی پرچی تھمادی جاتی ہے جو ضروریات سے کم ہے ۔ادھر ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے رابطے پر جنگ کو بتایاکہ ایندھن کی فراہمی جاری ہے ،ایس اوپی کے مطابق وہ فیلڈ میں جانے سے پہلے موٹرسائیکلوں کی ٹینکیاں فل کرواکر نکلتے ہیں ،ملازمین کاکہناتھاکہ افسروں کے لئے سرکاری ایندھن کی کوئی روک ٹوک نہیں۔