راولپنڈی (نمائندہ جنگ) مری روڈ راولپنڈی پر سابق وزیراعظم کے نام سے منسوب نواز شریف پارک کے ارد گرد بڑھتی تجاوزات سے پارک میں آنے والوں بالخصوص خواتین اور بچوں کو مسائل کاسامنا ہے جبکہ سٹیڈیم روڈ پر پارک کے اندر ایک مارکیٹ کی تعمیر پر بھی شہریوں میں تحفظات پائے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شہری پارکوں کے صاف ستھرے ماحول میں سکون اور واک کیلئے آتے ہیں، اگر پارکوں کے اندر بھی مارکیٹس تعمیر ہوکر کمرشل سرگرمیاں شروع ہو جائیں، کھانے پینے کی چیزوں کے سٹالز اور اس کے نتیجے میں ہر طرف پھیلی گندگی نظر آئے تو پارکوں میں آنے کا مقصد فوت ہو جائے گا۔ نواز شریف پارک کے داخلی راستے اور سٹیڈیم روڈ والی سائیڈ بھی جا بجا تجاوزات کے باعث اب یہاں کا رخ کرنے والوں کی تعداد میں کمی ہوتی جا رہی ہے۔ شہریوں نے وزیراعلٰی پنچاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پارک کے اندر دوکانوں کی شکل میں ہونے والی تعمیرات کی تحقیقات کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات مافیا کی سرپرستی کرنے والوں کیخلاف ٹھوس کارروائی کی جائےکیونکہ میونسپل کارپوریشن میں برسہا برس سے مخصوص سیٹوں پر تعینات بعض کالی بھیڑیں غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کی سرپرستی کرتی ہیں جنہیں مقامی سیاسی قیادت کی مبینہ سرپرستی حاصل ہے۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر میونسپل کارپوریشن کے ایک افسر کا کہنا تھا کہ نواز شریف پارک میں بنائی گئی مارکیٹ سے ہمارا کوئی عمل دخل نہیں یہ مارکیٹ پی ایچ اے نے اپنی حدود میں بنوائی تھی۔