پشاور(این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی پختونخوا کے زیر اہتمام مختلف سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس باچا خان مرکز میں منعقد ہواجس میں فوجی آپریشن کی مخالفت کی گئی ۔ اجلاس کی صدارت اے این پی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کی۔ اجلاس میں پختونخوا میں دہشتگردی میں اضافے اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال، معاشی بدحالی، پچھلے انتخابات میں دھاندلی اور صوبائی خودمختاری سمیت صوبے کو درپیش دیگر مسائل کے بارے میں تفصیلی گفتگو اورمشترکہ جدوجہد کیلئے اتحاد اور لائحہ عمل پر مشاورت ہوئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ آپریشن عزم استحکام امریکہ کی خوشنودی اور سی پیک کا راستہ روکنے کیلئے ہے۔عوام کا مذاکرات اور آپریشن دونوں پر اعتماد نہیں رہا ہے۔ملک معاشی طور پر آئی ایم ایف کا غلام ہے اور حالیہ وفاقی بجٹ بھی وہاں سے تیار ہوکر آیا ہے۔ مسائل کے حل کیلئے آزاد عدلیہ کی زیر نگرانی اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت سے پاک نئے انتخابات ضروری ہیں تاکہ پارلیمان پر لوگوں کا اعتماد بحال ہوسکے۔اجلاس میں جماعت اسلامی ‘جے یوآئی ‘مزدور کسان پارٹی ‘پختونخوا نیشنل عوامی پارٹی‘ قومی وطن پارٹی ‘نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ ‘عوامی ورکز پارٹی دیگر جماعتوں کے عہدیداران نے شرکت کی۔