اسلام آباد (ساجد چوہدری، اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کو پانی کی فراہمی کے ڈریم پراجیکٹ کےتحت چار میں سے دو پیکج کا کام دو کمپنیوں(کنٹریکٹرز) کو الاٹ کر دیا گیا ۔ان دو پیکج پر ساڑھے 13ارب روپے لاگت آئیگی اور یہ پراجیکٹ تین سال میں مکمل ہو گا۔ ذرائع کے مطابق پیکیج ون جس کی مالیت 6اعشاریہ 3ارب روپے ہے میں چہان ڈیم سے حاصل کردہ یومیہ 12ملین گیلن پانی کیلئے ٹریٹمنٹ پلانٹ اور ڈیم سے ٹریٹمنٹ پلانٹ تک پانی کی مین لائن کی تنصیب شامل ہو گی ۔ پیکج ٹو کی مالیت 7اعشاریہ 2ارب روپے ہے ۔اس پیکج میں راول ڈیم کے پانی کی ٹریٹمنٹ کیلئے موجود پلانٹ کی اپ گریڈیشن، پرانی لائن کے ساتھ مزید نئی لائن ڈالنا جس کے ذریعے شہر کیلئے مزید پانچ ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ خیابا ن سرسید کی تین یونین کونسلوں کو چوبیس گھنٹے پانی کی فراہمی بھی شامل ہے۔ اس پیکج کے تحت خیابان سرسید میں پانی کا میٹرنگ سسٹم بھی لگایا جائے گا جس سے پانی کی چوری اور ضیاع کو روکا جاسکے گا۔