• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیرس اولمپکس، پاکستان کے پانچ کھلاڑیوں کی مہم ناکامی پر اختتام

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیرس اولمپکس گیمز میں پاکستانی دستے کے پانچ کھلاڑیوں کی مہم ناکامی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ گئی،اب صرف شوٹر غلام بشیر اور ارشد ندیم سے امیدیں باقی ہیں۔ جمعے کو ایتھلیکٹس کے 100 میٹر کوالیفیکشن میں پاکستانی خاتون ایتھلیٹ فائقہ ریاض نے حصہ لیا، وہ اپنی ہیٹ میں چھٹے نمبر پر رہیں۔یوں وہ پیرس میں کوئی بڑا ٹائٹل جیتنے کے بجائے خود کو اولمپئین کا اعزاز دلوانے میں کامیاب ہوگئیں، انہوں نے مقررہ فاصلہ 12.49 سیکنڈ میں طے کیا۔فائقہ ریاض نہ ہیٹ میں ٹاپ 10 میں رہیں نہ اگلے 5 مجموعی بہترین پلیئرز میں آسکیں، یوں فائقہ ریاض 100 میٹر ریس کے فائنل راؤنڈ میں جگہ نہ بناسکیں، جمعے کو پیرس اولمپکس سے باہر ہونے والی دوسری خاتون ایتھلیٹس کشمالہ طلعت تھیں جنہوں نے 25 میٹر ایئر پسٹل ایونٹ کے کوالیفیکشن میں حصہ لیا لیکن وہ بھی فائنل راؤنڈ میں جگہ نہ بناسکیں۔کشمالہ طلعت40 شوٹرز میں سے 22ویں نمبر پر رہیں۔ یوں پیرس اولمپکس میں شرکت کرنے والی پاکستان کی تینوں خواتین ایتھلیٹس بھی گیمز سے آوٹ ہوگئیں،پاکستان کے 2 سوئمرز اور ایک شوٹر گلفام جوزف پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔