اسلام آباد (نمائندہ جنگ) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام اسلام آباد میں منعقدہ قانون تحفظ ناموس رسالت پر آل پارٹیز کانفرنس نے سپریم کورٹ کا مبارک ثانی کیس کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے ازخود نوٹس کے تحت فیصلے کی آئین قانون و اسلام کے مطابق درستگی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ کانفرنس کے اختتام پر جاری کئے گئے اعلامیہ میں کیا گیا جسے امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن نے پڑھ کر سنایا۔ جنہوں نے کانفرنس کی صدارت کی۔ کانفرنس سے ناناصر الدین خاکوانی، لیاقت بلوچ و دیگر نے بھی خطاب کیا ، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت قادیانیوں کو سہولت کاری کا فیصلہ دینے والے ججوں کے خلاف ریفرنس دائر کرے۔ اے پی سی کی جماعتیں بھی ریفرنس دائر کریں گی۔ اے پی سی کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ 7ستمبر مینار پاکستان لاہور کا یوم فتح اجتماع قادیانیوں اور سپریم کورٹ کے حوالے سے واضح لائحہ عمل کا اعلان کرے گا۔ اے پی سی سمجھتی ہے کہ طے شدہ دینی نکات کو جان بوجھ کر چھیڑا جارہا ہے پاکستان کی اسلامی شناخت پر حملوں کو اے پی سی مسترد کرتی ہے پاکستان میں غیر ملکی مداخلت ختم کی جائے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ سپریم کورٹ کے مبارک ثانی کیس میں قادیانیوں کے لئے سہولت کاری کی گئی ہے۔