راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان کرکٹ ٹیسٹ کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری کر دیا۔پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25اگست تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا جب کہ اس سے پہلے 18اگست سے دونوں ٹیمیں یہاں پریکٹس کریں گی ۔اس دوران ٹریفک پولیس کے367افسران و جوان ٹریفک ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کا کہنا تھا کہ پارکنگ ایریا سے سٹیڈیم تک رسائی کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شٹل سروس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔کرکٹ ٹیموں کی سٹیڈیم آمد اور روانگی کے وقت مری روڈ کو فیض آباد سے ڈبل روڈ تک مکمل طور پر بند کیا جائے گا۔ اس دوران اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب ڈائیورٹ کیا جائیگاجبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک براستہ سسکتھ روڈ سید پورروڈ کا استعمال کرتے ہوئے اسلام آبادداخل ہو سکے گی۔ دیگر عاقوں کی ٹریفک بھی ڈائیورٹ کی جائے گی۔