خیبر پختون خوا میں منکی پاکس کا کیس سامنے آنے کے بعد ملک بھر کے ایئر پورٹس پر نگرانی سخت کر دی گئی۔
حکام کی جانب سے ملک بھر کے اسپتالوں میں آئیسولیشن وارڈ قائم کرنے اور حفاظتی سامان مہیا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ 3 اگست کو عرب ملک سے آنے والے شخص میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے، عرب ملک سے واپس آنے والا شخص دیر کا رہنے والا اور مردان میں رہائش پزیر ہے۔
حکام کے مطابق یہ اس سال منکی پاکس کا پاکستان میں پہلا کیس ہے، گزشتہ 2 سال میں پاکستان میں منکی پاکس کے 11 کیسز سامنے آئے ہیں۔
حکام نے بتایا ہے کہ متاثرہ شخص کی کونٹیکٹ ٹریسنگ کر رہے ہیں، مزید لوگوں کے نمونے لے رہے ہیں۔
دوسر ی جانب ڈی جی ہیلتھ کی زیرِ صدارت اجلاس میں منکی پاکس سے متعلق اہم ایڈوائزری اور گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی۔
اس ایڈوائزری اور گائیڈ لائنز کے مطابق تمام صوبوں کو منکی پاکس سے متعلق فوکل پرسنز مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بارڈر ہیلتھ سروسز کو تمام پوائنٹس آف انٹری پر سخت نگرانی کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ عالمی ادارۂ صحت نے گزشتہ روز منکی پاکس کو عالمی ایمرجنسی قرار دیا ہے۔