اسلام آباد (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے )راولپنڈی کو پانی کی فراہمی کے اربوں روپے مالیت کے ڈریم پراجیکٹ کے تحت پیکیج ون کیلئے چینی کمپنی کو موبلائزیشن ایڈوانس کی مد میں 77کروڑ روپے کی رقم جاری کر دی گئی۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے ۔ اس پیکیج کے تحت چہان ڈیم سے حاصل کردہ یومیہ 12ملین گیلن پانی کیلئے ٹریٹمنٹ پلانٹ بنایا جائے گا اور ڈیم سے ٹریٹمنٹ پلانٹ تک کیلئے پانی کی مین لائن نصب کی جائے گی ۔ پیکیج ون پر 6اعشاریہ 3ارب روپےلاگت آئیگی۔ اس منصوبہ کے تحت شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں اضافہ ہو گا۔ذرائع کے مطابق ڈریم پراجیکٹ کے تحت ہی پیکیج ٹو کی مالیت 7اعشاریہ 2ارب روپے ہے ، اس پیکج میں راول ڈیم کے پانی کی ٹریٹمنٹ کیلئے موجود پلانٹ کی اپ گریڈیشن، پرانی لائن کے ساتھ مزید نئی لائن کی تنصیب جس کے ذریعے شہر کیلئے مزید پانچ ملین گیلن یومیہ پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ خیابا ن سرسید کی تین یونین کونسلوں کو چوبیس گھنٹے پانی کی فراہمی بھی شامل ہے۔ تاحال اس پیکیج کیلئے موبلائزیشن ایڈوانس کی رقم جاری نہیں ہو سکی۔ ایم ڈی واسا سلیم اشرف نے ڈریم پراجیکٹ کے تحت پیکیج ون کیلئے موبلائزیشن ایڈوانس کی مد میں 77کروڑ روپے کے اجراء کی تصدیق کی ۔