کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کی ترقی کے لئے 110 ارب روپے رکھے گئے ہیں، سابقہ الہٰ دین پارک جہاں شہری جا کر تفریح کرتے تھے اسے کسی کی نظر لگ گئی اور مسمار کردیا گیااب ہم نے وہاں سٹی کونسل کی بلڈنگ تعمیر کرنے کے ساتھ خوبصورت پبلک پارک بنانے کا منصوبہ تیار کیا ہے، شہر کے بارے میں منفی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، کراچی سے لوگ باہر جا کر سرمایہ لگاتے ہیں میں ان سے کہوں گا کہ وہ اپنے شہر میں مفید پروجیکٹس پر سرمایہ لگائیں، یہ بات انہوں نے سفاری پارک میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ جمبو جمپ کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، میئر کراچی نے کہا کہ سفاری پارک میں بہت بڑی زمین دستیاب تھی جسے ماضی میں کسی نے استعمال نہیں کیا، آج یہاں زیپ لائن، ایڈونچرفیسیلیٹی ہارس رائیڈنگ، پلے لینڈ،جانوروں کو رکھنے کے لئے سفاری ایریا اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کے بعد جمبو جمپ کا بھی اضافہ کردیا ہے جس نے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرایا اور آج دنیا بھر میں انتہائی مقبول ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارشوں کے بعد سڑکوں کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر بارشوں کا موجودہ اسپیل ختم ہوتے ہی سڑکوں کی بحالی پر کام شروع کردیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا وژن کراچی کی ترقی ہے، مضافاتی علاقوں میں بھی تفریحی سہولتوں میں اضافہ کریں گے۔