• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید حکیم سعید کا سلیقہ و طرز زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے، تعزیتی اجلاس

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہید حکیم محمد سعید کی چھبیسویں برسی اور 27 واں یوم شہادت بدھ کو ہمدرد کے تمام اداروں کی طرح ہمدرد یونی ورسٹی مدینتہ الحکمہ میں بھی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ، مرکزی تقریب ہمدرد یونی ورسٹی مدینتہ الحکمہ میں واقع ان کے مزار اور یونی ورسٹی کے آڈیٹوریم میں ہوئی، ہمدرد یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن اور دیگر نے سعدیہ راشد کی جانب سے شہید حکیم محمد سعید کے مزار پرپھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، ہمدرد پبلک اسکول کے طلباء وطالبات نے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد نسیم کی قیادت میں مزار پر حاضری دی اور فاتحہ پڑھی، بعد ازاں بیت الحکمہ کے آڈیٹوریم میں تعزیتی اجلاس سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن، متولیہ اور ہمدردفاؤنڈیشن پاکستان کی نائب صدرڈاکٹر ماہم منیراحمداور رجسٹرار کلیم احمد غیاث نے شہید حکیم محمد سعید کی شخصیت اوران کی طبی، علمی، سماجی اور ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ، پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید حکیم محمد سعید کے افکار، تعلیمات اور ان کا سلیقہ و طرززندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے،انہوں نے کہا کہ حکیم سعید نے زندگی میں کبھی اپنے لیے کچھ نہیں رکھا، سب کچھ لوگوں کو دیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید