اسلام آباد(ساجد چوہدری) انٹرنیٹ میں خلل کے باعث سوشل اپلیکیشنز کی سست روی پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی انوکھی منطق کہ میٹا پلیٹ فارمز سب سے زیادہ صارفین ہونے کے باعث سست روی کا شکار ہوئے، حال ہی میں پارلیمنٹ کو فراہم کردہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ میٹا پلیٹ فارمز کے علاوہ دیگر سوشل میڈیا نیٹ ورکس کم متاثر ہوئے، انٹرنیٹ میں خلل سے فیس بک اور وٹس ایپ سروسز زیادہ متاثر ہوئیں، پی ٹی اے کے مطابق میٹا اپلیکیشن فیس بک کے پاکستان میں 50 ملین صارفین ہیں، وٹس ایپ پاکستان میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ریئل ٹائم اپلیکیشن ہے، صارفین کو مطلع کیا گیا کہ رش کے گھنٹوں میں انٹرنیٹ سست رہے گا، پی ٹی اے کے مطابق ٹیلی کام آپریٹرز نے فوری طور پر ٹریفک کو متبادل روٹس پر منتقل کیا، ماہ اگست میں پی ٹی اے کو وٹس ایپ سروسز متاثر ہونے کی شکایات موصول ہوئیں، پی ٹی اے نے ٹیلی کام آپریٹرز کو فوری طور پر مسئلے کے حل کی ہدایت دی، پی ٹی اے نے دعوی کیا ستمبر کے پہلے ہفتے میں وٹس ایپ، فیس بُک کی سست روی کا مسئلہ حل ہوگیا، سب میرین کیبل ایس ایم ڈبلیو فور ٹھیک ہونے سے صورتحال نارمل ہوجائے گی۔