مترجّم : عبدالحسیب خان
صفحات: 1468، قیمت: دُعائے خیر
ناشر: بیتُ القرآن، کراچی۔
عبدالحسیب خان ایک صنعت کار کی حیثیت سے نمایاں شناخت رکھتے ہیں، لیکن اُن کی علمی، ادبی اور دینی خدمات کا دائرہ بھی خاصا وسیع ہے۔ سینیٹر بھی رہے، لیکن جیسے گئے تھے، ویسے ہی واپس آگئے اور اپنے دامن کو آلودہ نہیں ہونے دیا۔اسلامی فکر اور دین سے محبّت نے اُنہیں چار کتب کا مصنّف بنا دیا ہے۔ہمارے پیشِ نظر اُن کا دو جلدوں پر مشتمل ترجمۂ قرآنِ مجید ہے۔
اِس ضمن میں اُن کا کہنا ہے کہ’’قرآنِ مجید کے اتنے تراجم ہوچکے ہیں کہ اب محض ثواب و سعادت کی خاطر نئے تراجم کی بالکل گنجائش نہیں، لیکن کسی ایسی ضرورت کے تحت، جو پچھلے تراجم سے پوری نہ ہو رہی ہو، تو اِس راہ میں مزید کوشش ضرور جاری رکھنی چاہیے۔
اِس تشنگی کو بُجھانے کے لیے اِس ناچیز نے یہ کاوش پیش کرنے کی جسارت کی ہے۔‘‘ یہ ترجمۂ قرآنِ مجید، جیّد اور مستند علمائے کرام کے تراجمِ قرآن سے ماخوذ ہے۔ اس کی خصوصیت یہ ہے کہ بہ لفظی ترجمہ، تفصیلی اور آسان ہے۔ اس میں زبان و بیان کے لحاظ سے عام پڑھے لکھے افراد کی رعایت کی گئی ہے، جب کہ عربی گرامر کے قواعد کا لحاظ رکھتے ہوئے رواں اور شائستہ ترجمہ کیا گیا ہے۔
موقع محل کی مناسبت سے اردو محاورات کا بھی استعمال کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، احکامات پر مبنی آیات کو، جن کا تعلق عباداتِ الٰہی، اطاعتِ رسولؐ ، خدمتِ خلق اور اصلاحِ معاشرہ سے ہے، الگ رنگ سے نمایاں کیا گیا ہے تاکہ اِن احکامات کو قاری کی خصوصی توجّہ حاصل ہوسکے۔ ماہرینِ تفاسیر کی زیرِ نگرانی اور علمائے کرام کی مشاورت سے اِس ترجمے کی تصحیح اور نظرثانی کا فریضہ انجام دیا گیا ہے۔نیز، اِسے بہت سلیقے سے عُمدہ کاغذ پر شائع کیا گیا ہے۔