• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاعر: ظریف احسن

صفحات: 240، قیمت: 1200روپے

ناشر: حرفِ راز انٹرنیشنل، 157/Aبلاک 12 گلستانِ جوہر، کراچی۔

ظریف احسن کے آباو اجداد کا تعلق، رام پور (بھارت) سے ہے اور وہ عرصۂ دراز سے کراچی میں قیام پذیر ہیں، لیکن اُن کا دل پنجاب میں رہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اُن کی شناخت کراچی سے زیادہ پنجاب میں ہے۔ 

یہ معمّا حل طلب ہے کہ کراچی نے اُنہیں نظر انداز کیا یا اُنہوں نے کراچی کو نظر انداز کیا۔ظریف احسن نے ادبی سفر کا آغاز 1967ءمیں کیا، ان کے کئی شعری مجموعے منظرِ عام پر آچُکے ہیں اور انہیں شاعری کی تمام اصناف پر عبور حاصل ہے۔ 

زیرِ نظر مجموعۂ کلام میں غزلوں کےعلاوہ نظمیں بھی شامل کی گئی ہیں۔ کتاب کا تفصیلی دیباچہ ڈاکٹر معین الدّین عقیل نے تحریر کیا ہے، جس میں اُنہوں نے ظریف احسن کی شاعری کا انتخاب بھی دیا ہے۔ ایک مضمون ڈاکٹر مختار احمد ظفر کا بھی ہے۔ 

ظریف احسن کی شاعری پر دبستانِ پنجاب کی گہری چھاپ ہے کہ آدمی جہاں رہتا ہے، وہاں کے اثرات قبول کرنا کوئی معیوب بات نہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ پنجاب نے اردو ادب کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ 

پنجاب کے جن بڑے شعرا کی مادری زبان پنجابی ہے، اُنہوں نے بھی اپنی نگارشات کے ذریعے اردو زبان کی ثروت میں گراں قدر اضافہ کیا ہے۔ ظریف احسن کی مادری زبان اردو ہے، لیکن اُنہوں نے پنجابی اور سرائیکی میں بھی شاعری کی ہے۔