کراچی (جنگ نیوز) فٹبال ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی سعودی عرب کو مل گئی۔ فیفا نے کونسل اجلاس میں اس کی تصدیق کردی۔ سعودی عرب میزبانی کیلئے واحد امیدوار تھا۔ ٹورنامنٹ میں48ٹیمیں شرکت کریں گی۔ میچز پانچ شہر ریاض، جدہ، الخبر، نیوم اور ابہا کے15اسٹیڈیمز میں کھیلے جائینگے۔ ریاض میں یہ اعلان سننے کیلئے بڑی اسکرینیں نصب تھیں جہاں ہزاروں افراد نے اس تاریخی لمحے پر جشن منایا۔ فیفا کے مطابق2034کی میزبانی کیلئے اسکروٹنی کا عمل مکمل شفافیت، دیانتداری اور درستگی سے مکمل کیا گیا۔ ساتھ ہی2030ورلڈکپ کے میزبان کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ ورلڈکپ تین براعظموں کے6ملکوں میں کھیلا جائے گا۔ میزبانی مراکش، پرتگال اور اسپین کرینگے ۔ البتہ ابتدائی تین میچز جنوبی امریکا کے ممالک پیراگوائے، ارجنٹائن اور یوراگوائے میں ہوں گے۔ یہ تین میچز ورلڈ کپ کی صد سالہ تقریبات کا حصہ ہوں گے۔