• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت کے فروغ میں پریس کلب نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا، میئر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب ہمارا تاریخی ورثہ ہے اور اس کو محفوظ کرنے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، جمہوریت کے فروغ اور جمہوری روایات کو آگے بڑھانے میں پریس کلب نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے، آج بھی یہ ادارہ مظلوموں کی آواز ہے اور تمام سیاسی اور غیر سیاسی جماعتیں کراچی پریس کلب آکر ہی اپنے حقوق کی آواز بلند کر تی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں نئے تعمیر ہونے والے لان کا اپنے بھائیوں علی وہاب صدیقی اور سعد وہاب صدیقی کے ہمراہ افتتاح کرتے ہوئے کیا، اس لان کو مرتضیٰ وہاب کے والد وہاب صدیقی اور والدہ فوزیہ وہاب کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، اس موقع پر صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد، جوائنٹ سیکریٹری محمد منصف، سینئر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ کے ایم سی علی حسن ساجد اوردیگر عہدیداران اور ممبران کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، میئر کراچی کو پریس کلب کی اعزازی ممبر شپ بھی دی گئی، مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جب مجھے یہ بات پتہ چلی کہ کراچی پریس کلب کا لان تعمیر ہوناہے تو میں نے یہ فیصلہ کیا کہ میں اپنے بھائیوں کی مدد سے اپنے ذاتی خرچ سے یہ لان تعمیر کروں گا ،اس موقع پر میئر کراچی نے ڈائریکٹر پارکس ندیم حنیف، منیجر کراچی پریس کلب عقیل احمد، عدنان، شاہ مراد، مالی عمران، ندیم اشرف اور دیگر افراد کو یادگاری شیلڈ بھی دیں ۔