مصنّف: اصغر علی جاوید
صفحات: 288، قیمت: 600روپے
ناشر: فرح پبلی کیشنز،شوکت علی روڈ آف طارق روڈ، شیخوپورہ۔
فون نمبر: 4005060 - 0334
یہ ایک ایسے محنت کش کی داستانِ حیات ہے، جس نے غربت کی کوکھ سے جنم لیا، قلی کی نوکری کی، امرود فروخت کیے، پھر ایک معروف اور ہردل عزیز ٹریڈ یونین رہنما کی حیثیت سے پہچانا گیا، جو کبھی الیکشن نہیں ہارا۔وہ جو کبھی اپنی کتابوں کی اشاعت کے لیے پبلشرز کی منّت سماجت کرتا رہا، آج وہ صدارتی ایوارڈ یافتہ مصنّف ہے اور اس کی کتاب بین الاقوامی جامعات میں پڑھائی جارہی ہے۔
جو مصنّف ہے، پنجابی زبان کی پہلی مستند اور جامع سیرت النبی ﷺ ’’حیاتی حضورؐ دی‘‘ کا،جس نے پیغمبرِ اعظم و آخرؐ کی حیاتِ پاک تین زبانوں میں قلم بند کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ جو رازداں ہے، پاکستان کی نصف صدی کے سیاسی زیر و بم کا، جس نے نصف صدی پاکستان کو اجڑتے بنتے دیکھا۔ بلاشبہ، اصغر علی جاوید ایک ہمہ صفات شخصیت ہیں۔
یہ داستانِ حیات، اُن کے مشاہدات و تجربات کے علاوہ ایک تاریخی دستاویز بھی ہے، جسے پڑھ کر سچ اور جھوٹ میں تمیز کی جاسکتی ہے۔ زیرِ نظر کتاب 101عنوانات پر مشتمل ہے۔ مستنصر حسین تارڑ، ڈاکٹر ستیہ پال آنند، ذوالفقار علی بھٹّو، اصغر خان، ماسٹر نذیر احمد، خواجہ محمّد رفیق، میجر ثاقب، کرم سنگھ، قتیل شفائی اور اجمل نیازی کے خاکوں نے بھی اِس کتاب کی افادیت میں اضافہ کیا ہے۔