مصنّفہ: سیمین دانشور
مترجّم: ڈاکٹر امبر یاسمین
صفحات: 112، قیمت: 600روپے
ناشر: قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل، یثرب کالونی، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔
فون نمبر: 0515101 - 0300
سیمین دانشور کا بنیادی تعلق ایران سے ہے۔ انہیں معاصر فارسی ادب کی پہلی ناول نگار، افسانہ نگار اور مترجّم مانا جاتا ہے۔ وہ پہلی خاتون افسانہ نگار ہیں، جنہوں نے ایرانی معاشرے میں اپنے دَور کے مرد مصنّفین کے درمیان لکھنے کا حوصلہ پیدا کیا۔ سیمین دانشور کا پہلا افسانوی مجموعہ’’آتشِ خاموش‘‘ 1948ء میں اور پہلا ناول’’سوو شون‘‘ 1964ءمیں شائع ہوا۔ اُن کے منتخب فارسی افسانوں کے اُردو تراجم کا مجموعہ ہمارے پیشِ نظر ہے۔
اِن افسانوں کی مترجّم، ڈاکٹر امبر یاسمین فارسی زبان و ادب کی استاد ہیں۔ زیرِ نظر کتاب میں مصنّفہ کے چار افسانوی مجموعوں آتشِ خاموش، بہ کی سلام کنم، شھری چون بھشت اور انتخاب سے منتخب افسانے فارسی سے اُردو میں منتقل کیے گئے ہیں۔
بیش تر افسانوں کے مضامین سماجی مسائل پر مبنی ہیں۔ اُمید ہے کہ سیمین دانشور کے فارسی افسانوں کا اُردو ترجمہ پاکستان کے علمی و ادبی حلقوں میں اُن کی ہمہ جہت شخصیت، افکار و خیالات اور ایرانی ثقافت کو روشناس کروانے میں معاون ثابت ہوگا۔