• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابوالبیان ظہور احمد فاتح کے سُخن کا اختصاصی مطالعہ

مصنّف: شبّیر ناقد

صفحات: 172، قیمت: 1200روپے

ناشر: اُردو سُخن۔ اُردو بازار، چوک اعظم، لیّہ۔

فون نمبر: 7844094 - 0302

شبّیر ناقد باکمال آدمی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ لکھنے پڑھنے کے علاوہ اور کوئی کام نہیں کرتے کہ کتابوں کا ڈھیر لگا دیا ہے۔ اُن کی مادری زبان سرائیکی ہے اور سرائیکی ادب بھی اُن کی ترجیحات میں شامل ہے، لیکن اُردو سے انہیں والہانہ عشق ہے۔ اب تک اُن کی 47کتابیں منظرِ عام پر آچُکی ہیں’’اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ۔‘‘ زیرِ نظر کتاب جس شخصیت کے حوالے سے ہے، وہ بھی ’’سراپا ادب‘‘ ہیں کہ اپنی پوری زندگی علم و ادب کی ترویج کے لیے وقف کررکھی ہے۔ 

استاد شاعر ہیں اور اُن کے شاگرد بھی اب درجۂ استادی پر فائز ہوچُکے ہیں۔ابوالبیان ظہور احمد فاتح کی کتابوں کو بھی انگلیوں پر نہیں گِنا جاسکتا۔ شبّیر ناقد نے زیرِ نظر کتاب میں اُن کے سُخن کا اختصاصی مطالعہ پیش کیا ہے۔ کتاب پانچ ابواب پر مشتمل ہے اور عنوانات کی تفصیل کچھ یوں ہے۔

ابوالبیان ظہور احمد فاتح کا سخن، مسئلۂ جبر وقدر کے تناظر میں، ظہور احمد فاتح کا کلام، امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے پس منظر میں، ظہور احمد فاتح کے ہاں زمانہ شناسی، ظہور احمد فاتح کا تصوّرِ حسنِ آرزو اور اختصاصی مطالعے کا اجمالی جائزہ۔ اِن موضوعات سے بھی شبّیر ناقد کی علمی و تنقیدی بصیرت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔