• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صائمہ مسلم

یوں تو انواع و اقسام کے مرغّن کھانے سال بَھر ہی اچّھے لگتے ہیں، لیکن موسمِ سرما میں چکن اور گوشت سے تیار کردہ چٹ پٹے، لذیذ کھانے کھانے کا لُطف ہی الگ ہوتا ہے۔ چُوں کہ مُلک کے بیش ترحصّوں میں سردی کا آغاز ہوچُکا ہے، تو اِسی مناسبت سے آج ہم آپ کی خدمت میں بٹ کڑاہی، بالٹی چکن، اجوائن مُرغ اور ہریالی گوشت جیسی روایتی اور مزے دار ڈِشز کی تراکیب پیش کررہے ہیں۔ توچلیں، اِن لذیذ مرغّن کھانوں سے اپنا دسترخوان سجائیں اور اہلِ خانہ سے خُوب داد سمیٹیں۔

بٹ کڑاہی

اجزاء: گائے کے بٹ ایک کلو، پیاز ایک پاؤ، لہسن، ادرک کا پیسٹ ڈیڑھ کھانےکا چمچ، سُرخ مرچ پاؤڈر ڈیڑھ چائے کا چمچ، ہلدی پائوڈر دو چائے کے چمچ، کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ، زیرہ آدھا چائے کا چمچ، گرم مسالا آدھا چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، آدھا پاؤتیل، بُھنا کٹا ہوا مسالا، کھڑا گرم مسالاحسبِ ضرورت، دھنیا آدھی گڈی، ایک انچ لمبی ادرک (لمبائی میں باریک کٹی ہوئی)۔

ترکیب: بٹ بنا کر گرم پانی سے اچّھی طرح دھولیں۔ پھر انہیں ایک فرائی پین میں ڈال کر اتنا پانی ڈالیں کہ بٹ پوری طرح اُس میں ڈوب جائیں۔ اب چولھے پر رکھ کرآنچ تیزکردیں۔ اُبال آنے پر پانی ضایع اور چولھےکی آنچ دھیمی کردیں۔ پھر اِس میں سارے مسالے اور پیاز ڈال کراچّھی طرح ڈھک دیں۔ وقفے وقفے سےچمچ ہلاتی رہیں تاکہ پیاز اور بٹ اچّھی طرح گل جائیں۔ اس کے بعد باقی بچ جانے والے پانی کو اچّھی طرح خُشک کرلیں۔ 

اب ایک فرائی پین میں تیل یا گھی ڈالیں اوراس میں کھڑا گرم مسالا ڈال کر کڑکڑا لیں، ساتھ ہی پیاز ڈال کر سُنہری کرلیں۔ اِس کے بعد اس میں بٹ شامل کریں اور تیز آنچ پر اچّھی طرح چمچ چلاتی رہیں۔ تیل اور بٹ یک جان ہو جائیں، تو سارے بُھنے، کٹے مسالے اور چند ہری مرچیں شامل کردیں۔ تیل اوپر آجائے، تو چولھا بند کردیں اورہری مرچ، دھنیا اور ادرک ڈال کر پیش کریں۔ اِسے چاول، چپاتی یا پراٹھوں کے ساتھ کھائیں۔

بالٹی چکن

اجزاء: پیاز ایک عدد (باریک کاٹ لیں) لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، ٹماٹر ایک عدد (چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں) ہری مرچ دو عدد (باریک کاٹ لیں) گرم مسالا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، زیرہ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، کُٹی ہوئی سُرخ مرچ آدھا چائے کا چمچ، قصوری میتھی آدھا چائےکا چمچ، دہی دو کھانے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، تیل دو کھانے کے چمچ، سبز دھنیا آدھی مُٹّھی۔

ترکیب: ایک فرائنگ پین میں تیل ڈال کر گرم کریں اور اِس میں پیاز ڈال کر سُنہری کرلیں۔ پھر ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کربُھونیں۔ اب اس میں چکن، ٹماٹر اورہری مرچیں ڈالیں۔ ٹماٹر گَل جانے تک پکائیں اور پھر نمک، گرم مسالا اور زیرہ ڈال کر بُھونیں۔

پھر دہی ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور آخر میں قصوری میتھی ڈال کر تھوڑی دیر ڈھک کر پکائیں۔ اس دوران حسبِ ضرورت پانی بھی ڈال سکتے ہیں۔ اچّھی طرح بُھن جانے پر چولھا بند کر دیں اور ہرا دھنیا ڈال کر اچّھی طرح مکس کرلیں۔ لیجیے، مزے دار بالٹی چکن تیار ہے۔ اِسے چپاتی یاپراٹھے کے ساتھ کھائیں گے، تو مزہ دوبالا ہوجائے گا۔

اجوائن مُرغ

اجزاء: چکن ایک پاؤ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، اجوائن ایک چائے کا چمچ، کُٹی ہوئی سُرخ مرچ ایک چائے کا چمچ، دہی آدھا کپ، نمک حسبِ ذائقہ، تیل چار کھانے کے چمچ، سبز دھنیا آدھی مُٹّھی۔

ترکیب: چکن میں دہی، ادرک، لہسن کا پیسٹ، اجوائن، کُٹی ہوئی لاچ مرچ، نمک اور ایک چمچ تیل ڈال کر تمام اشیا اچّھی طرح مکس کر کےآدھے سے ایک گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ 

اس کے بعد فرائی پین میں تیل گرم کریں اور چکن کے ٹکڑے ڈال کر فرائی کرلیں۔ جب چکن میں ہلکا رنگ آجائے، تب بچی ہوئی میرینیشن ڈال کر بُھون لیں اور مزے دار اجوائن چکن کوچپاتی، پراٹھے کے ساتھ انجوائے کریں۔

ہریالی گوشت

اجزاء: گوشت ایک پاؤ، پیاز دو عدد، کھڑا گرم مسالا حسبِ ضرورت، دہی دو کھانے کے چمچ، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، تھوڑا سا سبز دھنیا اور پودینا، سبز مرچ چھے عدد، لیموں کا رس ایک چائے کا چمچ، دھنیا پائوڈر ایک چائے کا چمچ، بُھنا کٹا زیرہ آدھا چائے کا چمچ، کالی مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، پانی ایک کپ، تیل دوکھانے کےچمچ۔

ترکیب: ایک فرائنگ پین میں تیل گرم کریں اور پیاز ڈال کر ہلکاسنہری کرلیں۔اب اس میں گوشت ڈال کرایک منٹ تک بُھونیں، پھر کھڑا گرم مسالا ڈالیں۔ سبز دھنیا، سبزمرچ، پودینا، لہسن، ادرک اور لیموں کا رس گرائنڈر میں ڈال کر پیسٹ بنا لیں اور یہ سبز مسالے کا پیسٹ گوشت میں ڈال کراچّھی طرح مکس کرلیں، ساتھ تمام خشک مسالاجات بھی شامل کردیں۔ 

اب دہی شامل کریں اور آخر میں حسبِ ضرورت پانی ڈال کر اچّھی طرح مکس کرلیں۔ ڈھکن ڈھک کر گوشت گَل جانے تک پکائیں اور گَل جانے پر تیز آنچ پہ بُھون لیں۔ لیجیے، گرما گرم ہریالی گوشت تیار ہے۔ اسے چاول، نان، چپاتی یا پراٹھے کے ساتھ سَرو کریں اور اہلِ خانہ، مہمانوں سے خُوب داد سمیٹیں۔