• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر داخلہ کی وزیراعلیٰ KP سے ملاقات، قیام امن کیلئے تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد(طاہر خلیل)خیبر پختونخوامیں امن و امان کی بگڑی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے وفاق اور صوبے کے درمیان ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے ، وزیر داخلہ محسن نقوی ،سی ایم ہاؤس پشاور پہنچ گئے اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور سے ملاقات کی ، 24 نومبر کے پی ٹی آئی کے ڈی چوک دھرنے کے بعد پہلا اعلیٰ سطح رابطہ کاری تھی، اس رابطہ کاری میں وفاقی وزیر داخلہ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کوصوبے میں قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا دی، محسن نقوی نے کہا کہ کرم میں قیام امن اولین ترجیح ہے، علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مل کر دہشتگردی کے عفریت کا مقابلہ کرینگے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایوان وزیراعلیٰ پشاور کا دورہ کیا جہاں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے خیر مقدم کیا،دونوں کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور کرم میں قیام امن کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر داخلہ نےکہاکہ خیبرپختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں پورا تعاون کرینگے،کرم میں قیام امن اولین ترجیح ہے،محسن نقوی اور علی امین گنڈاپور نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداءہمارے لئے سرمایہ افتخار ہیں، شہداءکی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید